غیر ممالک سے نہ سہی ملک سے نکلے گا کالا دھن: محمد آفاق
لکھنؤ، 10 ؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )راشٹریہ سماجک کاریہ کرتا رویندرالیہ کے گیٹ پر تنظیم کے صدر محمد آفاق نے پانچ سو روپے اور ایک ہزار کے نوٹ کی تصاویرنذرآتش کرکے مرکزی حکومت کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔ انھوں نے حکومت کے ذریعہ اٹھائے گئے اس فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غیر ممالک میں نہ سہی ملک میں ہی چھپا کالا دھن ضرور باہر نکلے گا۔ پروگرام میں خاص طور سے مسلم فورم کے ریاستی صدر ڈاکٹر آفتاب، محمد طفیل اختر، ڈاکٹر شکیل ، محمد اسلام صدیقی، پرویز خان، وجیندر کمار سنگھ،پردیپ کمارسنگھ، سورج مشرا، سریندر کمار چورسیا، اروند سونکر، مسلم سماج پریشد کے صدر محمد شعیب، سرو دھرم میرج بیوروکے کنوینرقاری صاحب شادی والے، عثمان علی، مہدی بھائی، وغیرہ خاص طور سے شریک تھے۔محمد آفاق نے مزیدکہاکہ حکومت کو بڑے نوٹوں کو بند کر کے چھوٹے نوٹوں کو شائع کرنے پر توجہ دینی چاہیے، اس سے مہنگائی پر قابو کیا جاسکے گا، بڑے نوٹوں کا چلن بڑھنے سے غریب لوگوں اور چھوٹے کاروباریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے ملک کے غریب عوام کو راحت ملے گی۔ حکومت اگر بڑے نوٹوں کو بند کرکے نئے چھوٹے نوٹوں کو بڑاھاوا دے گی تو اس سے غریبی دورکرنے میں بھی مدد ملے گی۔ حکومت کے اس فیصلے سے کالا دھن باہر آئے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔حکومت کے اس فیصلے سے کالا دھن جمع کرنے والوں کو کافی چوٹ پہنچے گی اور کالا دھن کاروبار کرنے والوں کے حوصلے پست ہوجائیں گے۔ حکومت کا یہ قدم ملک کے مفاد میں ہے۔ محمد آفاق نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے کالاکاروبارکرنے والے ، نقلی نوٹ چھاپنے والے اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ملک مخالفین پر لگام لگے گی۔